ثناء خان شادی کے بعد مکمل بدل گئیں: زرین خان

   

ممبئی، جولائی 18(ایجنسیز) ۔ بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثناء خان، جنہوں نے 2020 میں فلمی دنیا کو خیرباد کہہ کر مذہبی راہ اختیارکی، ایک بار پھر خبروں میں ہیں اس بار ان کی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں اداکارہ زرین خان کے حالیہ بیان نے توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔ زرین خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ ثناء ہمیشہ سے مذہب کی طرف مائل تھیں، لیکن نومبر 2020 میں مفتی انس سید سے شادی کے بعد ان کی شخصیت میں ایک نمایاں تبدیلی آئی۔ زرین نے کہا وہ انڈسٹری میں کام کے دوران بھی نماز پڑھاکرتی تھیں، لیکن لوگ ان کی تبدیلی کو شادی کے بعد ہی محسوس کر پائے۔ یاد رہے کہ ثناء خان نے بگ باس سیزن 6 میں شرکت اور سلمان خان کی فلم جے ہو‘ میں اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔ تاہم انہوں نے اچانک فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی تاکہ وہ اسلام اور فلاحی کاموں کے لیے خود کو وقف کر سکیں۔ زرین خان، جنہوں نے بھی سلمان خان کی فلم ’ویر‘ سے اپنا فلمی سفر شروع کیا تھا، نے کہا کہ اگرچہ ان کی ثناء سے بہت گہری دوستی نہیں تھی، لیکن وہ ان کے فیصلے کی دل سے معترف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا یہ ایک عام غلط فہمی ہے کہ جو خواتین پرکشش دکھتی ہیں، وہ مذہبی نہیں ہو سکتیں۔ ایمان ایک ذاتی معاملہ ہے، جو صرف انسان اور اس کے رب کے درمیان ہوتا ہے۔