نئی دہلی۔ 15 مارچ (یواین آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے اتوار کو ہندوستان کی حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی پر طنز کیا اور الزام لگایا کہ انتخابی ضابطۂ اخلاق کو “مودی کا انتخابی ضابطہ” بنا دیا گیا ہے ۔ یہ بیان 2026 اسمبلی انتخابات کے شیڈول کے اعلان سے قبل دیا گیا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا اتوار کو شام 4 بجے نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران آسام، کیرالہ، پڈوچیری، تمل ناڈو اور مغربی بنگال کی اسمبلیوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا۔ جے رام رمیش نے ایکس پر لکھاکہ “الیکشن کمیشن آج شام 4 بجے اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کرے گا۔ اس کی منظوری جی2 نے دی ہوگی، کیونکہ جی1 نے افتتاح، ربن کاٹنے ، فلیگ آف اور لانچنگ کا یہ دور مکمل کر لیا ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ “الیکشن کمیشن کا ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ جلد نافذ ہوگا، لیکن 2014 کے بعد سے یہ مودی کے انتخابی ضابطے میں بدل گیا ہے -جو بہتان تراشی، گالی گلوچ، دھمکی، خوف پھیلانے اور جھوٹ کے وائرس کو پھیلانے سے بھرا ہوگا۔