جئے رام قتل کیس ‘ فائیل سٹی پولیس کے حوالے

   

حیدرآباد 7 فروری (سیاست نیوز) ایکسپریس ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر اور صنعت کار سی ایچ جئے رام قتل کیس کی فائیل آندھراپردیش پولیس نے آج حیدرآباد سٹی پولیس کے حوالے کردی۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہاکہ یکم فروری کو ضلع کرشنا کے نندی گاما پولیس اسٹیشن حدود میں جئے رام کی نعش ایٹاورم ولیج قومی شاہراہ 65 پر ایک کار میں دستیاب ہوئی تھی۔ اِس ضمن میں آندھراپردیش پولیس نے مقدمہ درج کرکے قتل میں ملوث دو ملزمین راکیش ریڈی اور سرینواس کو گرفتار کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران نندی گاما پولیس نے پتہ لگایا کہ ملزمین نے جئے رام کا قتل جوبلی ہلز کے مکان میں کیا تھا اور نعش کو وہاں منتقل کردیا گیا۔ کیس کی فائیل کو خصوصی قاصد کے ذریعہ حیدرآباد پولیس کے حوالہ کیا گیا ۔ فائیل کے تمام دستاویزات کی جانچ کے بعد دوبارہ مقدمہ درج کیا جائیگا۔ انجنی کمار نے کہاکہ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے اسسٹنٹ کمشنر پولیس بنجارہ ہلز کو تحقیقاتی عہدیدار مقرر کیا گیا ہے اور تحقیقات ہر زاویہ سے کی جائے گی۔