نئی دہلی: سری لنکا کے لیجنڈری کرکٹر سناتھ جئے سوریا نے آئی سی سی مینز ایمرجنگ کرکٹرآف دی ایئر 2024 کا ایوارڈ کمندو مینڈس کو پیش کیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئرکی، جس میں مینڈس کو ہیڈ کوچ جئے سوریا سے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ آئی سی سی نے ایکس پر لکھا ایک عظیم کھلاڑی سے دوسرے عظیم کھلاڑی تک۔کمندو مینڈس سری لنکا کے لیجنڈ سناتھ جئے سوریا سے آئی سی سی مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر 2024 ایوارڈ حاصل کر رہے ہیں۔ مینڈس نے سال 2024 میں تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر1451 رنز اسکورکیے، جس میں ان کا اوسط 50 سے زائد رہا۔ وہ ٹسٹ کرکٹ میں1000 رنز تیز ترین بنانے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر رہے، اور انہوں نے لیجنڈری سر ڈان بریڈمین کے 13 اننگز میں 1000 رنز بنانے کے ریکارڈکی برابری کی۔