کانپور میں واقعہ ، ٹوپی پہننے اور موٹر سیکل اوورٹیک کرنے پر اعتراض، نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش جاری
کانپور ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے کانپور میں پولیس نے کہا ہے کہ ’جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگانے سے انکار کرنے والے ایک 16 سالہ مسلم لڑکے کو بعض نامعلوم افراد نے بری طرح زدوکوب کیا۔ متاثرہ لڑکا روایتی مسلم ٹوپی پہنا ہوا تھا ۔ یو پی پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا جب برّا کا ساکن تاج محمد، قدائی نگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد گھر واپس ہورہا تھا ۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر (برّا) ستیش کمار سنگھ نے بتایا کہ تین یا چار غیرشناخت شدہ موٹر سیکل سواروں نے تاج کو محض انہیں اوورٹیک کرنے (تیز رفتاری کے ساتھ راستے پر آگے والوں کو پیچھے چھوڑ دینا) پر روکا اور اُس کے ٹوپی پہننے پر اعتراض کیا ۔ ستیش کمار سنگھ نے کہا کہ حملہ آوروں نے اس لڑکے سے ’ جئے شری رام بولنے کو کہا اور انکار پر اس کو لاتوں اور گھونسوں کا بری طرح نشانہ بنایا ۔ 16 سالہ لڑکے نے الزام عائد کیا کہ ان افراد نے اس سے کہا تھا کہ اس علاقہ میں مسلم ٹوپی پہننا منع ہے ۔ بعد ازاں یہ بے بس لڑکا مدد کے لئے چیخ پکار کرنے لگا اور دو دوکانداروں سے اس کو بچالینے کی استدعا کی۔ اس دوران راستے سے گزرنے والے چند افراد قریب آئے جس کے ساتھ ہی حملہ آور فرار ہوگئے۔ تعزیرات ہند کے تحت ایک ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ متاثرہ لڑکے کا طبی معائنہ کروایا گیا اور ملزمین کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے ۔