چندولی (یوپی) 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مبینہ طور پر یوپی کے ضلع چندولی میں جئے شری رام کا نعرہ لگانے سے انکار پر زندہ نذر آتش 17 سالہ لڑکا جو مبینہ طور پر بُری طرح جھلس گیا تھا، آج اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کے بموجب محمد خالد قصبہ سید راجہ کا متوطن تھا۔ وہ نعرہ لگانے سے انکار پر زندہ نذر آتش کردیا گیا تھا اور 50 فیصد جھلس جانے کی وجہ سے قریبی گورنمنٹ ہاسپٹل وارناسی میں شریک کردیا گیا تھا۔ اِس کی آج صبح موت واقع ہوگئی۔ مہلوک کے والد نے الزام عائد کیاکہ اُن کے فرزند کو نعرہ لگانے سے انکار پر نذر آتش کیا گیا تھا۔ چندولی کے ایس پی سنتوش کمار سنگھ نے تاہم الزام کی تردید کی اور کہاکہ مہلوک نے تین بار اپنا بیان تبدیل کیا تھا۔
ضلع ہاسپٹل میں اُس نے پولیس میں بیان درج کراتے ہوئے متضاد باتیں کہی تھیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اُسے اِس مسئلہ پر شہرت حاصل کرنے کے لئے بیان رٹایا گیا تھا۔ ایس پی نے دعویٰ کیاکہ پولیس نے ٹی وی جھلکیوں کی جانچ کی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔