باکو ( آذر بائیجان ) 26 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے آج کویت اور بحران کے وزرائے خارجہ سے یہاں ناوابستہ تحریک کی چوٹی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی ۔ 18 ویں ناوابستہ تحریک کی چوٹی کانفرنس کا جمعہ کو آغاز ہوا تھا ۔ اس کانفرنس میں جملہ 120 ممالک کے سربراہان حکومت حصہ لے رہے ہیں۔ ہندوستان اس تحریک کا بانی رکن ہے ۔ یہ تحریک دنیا کے سب سے زیادہ رکن ممالک والی تنظیم ہے ۔ جئے شنکر نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح کے ساتھ ایک خوشگوار ملاقات رہی اور دونوں ملکوں کے مابین تاریخی دوستی اور مستحکم باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ کویت ‘ ہندوستان کا ایک اہم تارتی شریک ہے ۔ ایک اور ٹوئیٹ میں جئے شنکر نے کہا کہ ان کی وزیر خارجہ بحرین خالد الخلیفہ سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور یہ ملاقات بھی انتہائی خوشگوار اور گرمجوشانہ رہی ہے ۔
