’جئے مودی کا نعرہ لگانے والے پاکستانی کو ہندوستانی شہریت‘

   

عدنان سمیع کو پدم شری 130 کروڑ ہندوستانیوں کی توہین : این سی پی
ممبئی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع کو پدما شری ایوارڈ دیئے جانے پر پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے پیر کو کہاکہ یہ اقدام 130 کروڑ ہندوستانیوں کی توہین ہے اور دراصل ایک ایسا اقدام ہے جو سی اے اے، این آر سی اور این پی آر پر سوالات کا سامنا کرنے والی این ڈی اے حکومت اپنی غلط حکمت عملی سے ہونے والی نقصان کی پابجائی کے طور پر اُٹھائی ہے۔ مہاراشٹرا کے وزیر اقلیتی اُمور اور این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کیا اب کوئی بھی پاکستانی محض ’جئے مودی‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے ہندوستانی شہریت حاصل کرسکتا ہے؟‘ عدنان سمیع نے 2015 ء میں ہندوستانی شہریت کے لئے درخواست دی تھی اور 2016 ء میں شہریت دی گئی تھی۔ وہ پاکستانی ایر فورس کے سینئر اہلکار کے بیٹے ہیں جو لندن میں پیدا ہوئے تھے اور ان 118 افراد میں شامل ہیں جنھیں ہفتہ کو پدما شری ایوارڈس دیئے گئے تھے۔