جئے پال ریڈی کے یوم پیدائش پر قائدین کا خراج

   

نیکلس روڈ پر تقریب، سکھیندر ریڈی ، اتم کمار ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد 16 جنوری (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریسی قائد ڈاکٹر ایس جئے پال ریڈی کو 78 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نیکلس روڈ پر اِس سلسلہ میں جئے پال ریڈی گھاٹ پر تقریب منعقد کی گئی جس میں صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سابق چیف منسٹر کے روشیا، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی، اے آئی سی سی کے سکریٹریز سمپت کمار اور ڈاکٹر چناریڈی کے علاوہ پردیش کانگریس کے سینئر قائدین نے جئے پال ریڈی کی تصویر پر پھول نچھاور کئے۔ کانگریس قائدین اور صدرنشین قانون ساز کونسل نے جئے پال ریڈی کی عوامی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کو جئے پال ریڈی کے نام سے موسوم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں جئے پال ریڈی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ حیدرآباد شہر کو تلنگانہ کا حصہ برقرار رکھنے میں جئے پال ریڈی نے غیرمعمولی رول ادا کیا۔ ہر میٹرو ریل اور دیگر پراجکٹس جئے پال ریڈی کی مساعی کا نتیجہ ہے۔ موجودہ سیاستدانوں کے لئے جئے پال ریڈی کی زندگی مشعل راہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ پارٹی قائدین اور کارکن جئے پال ریڈی کی کمی شدت سے محسوس کررہے ہیں۔ جئے پال ریڈی کو صحیح خراج پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کو اُن کے نام سے موسوم کرتے ہوئے پیش کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر جی چناریڈی نے کہاکہ جئے پال ریڈی نے قومی سیاست پر اپنے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ قومی سیاست میں جئے پال ریڈی کرپشن اور بدعنوانیوں سے پاک تھے۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو علیحدہ ریاست کے قیام کے لئے جئے پال ریڈی نے راضی کیا۔ وی ہنمنت راؤ نے کہاکہ عوامی مسائل کی یکسوئی پر جئے پال ریڈی کو عبور تھا۔ مرکزی وزیر اور پارٹی کے اہم عہدوں پر رہتے ہوئے آنجہانی قائد نے عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔