جائز مطالبات کیلئے ہڑتال ملازمین کا دستوری حق : چندر شیکھر ریڈی

   

ملازمین کی دیگر تنظیمیں متحد ہوجائیں،عوام کی تائید آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ
حیدرآباد۔/11 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے سینئر لیڈر اور پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ہیں جو اپنے جائز مطالبات کیلئے ہڑتال کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ ریاستی وزیر جگدیش ریڈی جس طرح حضور نگر ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں انہیں کم از کم کسانوں کے مسائل پر توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ہڑتالی ملازمین سے بات چیت کیلئے تیار نہیں ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مذاکرات سے خوفزدہ ہیں۔ آر ٹی سی ملازمین اپنے طویل حل طلب مسائل کی مانگ کررہے ہیں۔ ملازمین نے توقع کی تھی کہ نئی ریاست تلنگانہ میں ان کے ساتھ انصاف ہوگا لیکن کے سی آر نے وعدوں سے انحراف کرلیا۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں سے نئی ریاست میں روزگار کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن گزشتہ چھ برسوں سے بیروزگار نوجوان روزگار کے انتظار میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت تمام طبقات سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ چندر شیکھر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر جان بوجھ کر آر ٹی سی کو نظرانداز کررہے ہیں تاکہ نقصان کے بہانے ادارہ کو خانگی شعبہ کے حوالے کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور معاشی موقف کے باوجود آندھرا پردیش حکومت نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کردیا ہے لیکن کے سی آر اس کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 48000 سے زائد ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان غیر قانونی ہے۔ کسی بھی حکومت کو اس طرح برطرفی کے فیصلہ کا اختیار نہیں۔ چندرشیکھر ریڈی نے کہا کہ دیگر ملازمین کی تنظیموں کو متحد ہوکرآر ٹی سی ہڑتال کی تائید کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملازمین اس مرحلہ پر خاموش رہیں تو یکے بعد دیگرے کے سی آر ہر محکمہ کے ملازمین کو حکومت کا غلام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کیلئے ہڑتال ملازمین کا دستوری حق ہے لیکن کے سی آر اس حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔