جائیدادوں کی تفصیل ویب سائیٹ پر پیش کرنے سے غلط استعمال کا اندیشہ،کانگریس قائد جی نارائن ریڈی کا الزام

   

حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے دھرانی پورٹل نے عوام میں کئی شبہات پیدا کردیئے ہیں۔ اراضیات اور جائیدادوں سے متعلق سروے کے سلسلہ میں حکومت کا موقف غیر واضح ہے جس کے نتیجہ میں عوام اُلجھن کا شکار ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ غیر زرعی اثاثہ جات کے رجسٹریشن کے نام پر عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے رائے حاصل کئے بغیر ہی مہم کے آغاز کا اعلان کردیا۔ عوام یہ نہیں سمجھ پارہے ہیں کہ وہ ویب سائیٹ پر اپنی جائیدادوں کی تفصیلات کیونکر درج کریں اور اس سے کیا فوائد حاصل ہوں گے۔ جائیدادوں کی تفصیلات ویب سائیٹ پر پیش کرنے کی صورت میں غیر قانونی رجسٹریشن یا ان تفصیلات کے غلط استعمال کا خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ حکومت اراضیات اور جائیدادوں کیلئے نئے پاس بک جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے لیکن غیر زرعی جائیدادوں کیلئے پاس بک کی اجرائی سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن اور دیگر محکمہ جات میں اراضیات اور جائیدادوں کی تفصیلات پہلے سے موجود ہیں لیکن حکومت دوبارہ تفصیلات حاصل کرتے ہوئے عوام کو پریشانی میں مبتلاء کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ مہم وقت کی ضیاں ہے اور اس سے عوام کو کوئی فائدہ ہونے والا نہیں۔ پانچ سال قبل حکومت نے گھریلو جامع سروے کا اہتمام کیا تھا جس کے تحت تمام تفصیلات حاصل کی گئی تھیں۔ حکومت کے پاس اس سروے کی رپورٹ موجود ہے۔ باوجود اس کے دوبارہ سروے کا اہتمام کرنا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے طرح طرح کے حربے استعمال کررہی ہے۔