چیف منسٹر کے بعد سب سے زیادہ عہدے سابق وزیر کو حاصل ہوئے ، پی راجیشور ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے قائدین نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کی عزت و نفس کی نہیں بلکہ جائیدادوں کے تحفظ کی جدوجہد ہے ۔ جس کے لیے وہ بی جے پی کی گود میں بیٹھ رہے ہیں ۔ اراضیات پر قبضہ کرنے والے ایٹالہ راجندر کو کوئی نہیں بچا سکتے ۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر گورنمنٹ وہپ جی بالراج کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ان قائدین نے ایٹالہ راجندر کی جانب سے چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنانے کی مذمت کی اور ایٹالہ راجندر سے استفسار کیا کہ 5 سال سے توہین ہورہی ہے تو پہلے ہی وزارت سے مستعفی کیوں نہیں ہوئے ۔ اگر ایٹالہ راجندر کے پاس عزت و نفس کا خیال ہوتا تو وہ غریب عوام کی اراضیات پر قبضہ نہیں کرتے ۔ پارٹی اور حکومت میں چیف منسٹر کے بعد سب سے زیادہ عہدوں پر ایٹالہ راجندر فائز رہے ۔ کے سی آر نے 20 سال کے دوران ایٹالہ راجندر کی طرح کئی قائدین کو تیار کیا ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے ریتو بندھو اسکیم کے تعلق سے جو ریمارکس کیا ہے وہ قابل مذمت ہے ۔ جس کے بارے میں انہیں معلومات نہیں ہے ۔ گورنمنٹ وہپ جی بالراج نے کہا کہ ایٹالہ راجندر نے وزارت کی آڑ میں منادر اور مختص کردہ اراضیات کا کاروبار کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کمایا ہے ۔ سابق وزیر کے خلاف اراضیات ڈرا و دھمکاکر حاصل کرنے کی شکایتیں وصول ہونے کے بعد چیف منسٹر نے ایٹالہ راجندر کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر سمجھ رہے ہیں کہ انہیں دہلی والے بچائیں گے لیکن ان کا ایسا جرم ہے کوئی انہیں بچا نہیں سکتے ۔ چیف منسٹر کی وجہ سے ایٹالہ راجندر اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے حضور آباد کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔