جائیدادوں کے سروے میں آدھار کارڈ اور افراد خاندان کی تفصیلات غیر ضروری

   

جائیداد کہاں سے آئی پوچھنے کا کوئی حق نہیں، اسمبلی میں مجلسی رکن کی توجہ دہانی
حیدرآباد۔ ریاست میں اراضیات اور جائیدادوں سے متعلق سروے میں آدھار کارڈ اور افراد خاندان کی تفصیلات طلب کرنے پر اسمبلی میں مجلسی رکن احمد بلعلہ نے شدید اعتراض جتایا۔ میونسپل ایکٹ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے مجلسی رکن نے کہا کہ اراضیات و جائیدادوں کی تفصیلات کے حصول کے سلسلہ میں جو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں وہ عوام سے جائیداد کہاں سے آئی اور کس آمدنی سے خریدی گئی اس بارے میں سوالات کررہے ہیں جس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آدھار کارڈ اور افراد خاندان کی تفصیلات طلب کرنا عوام میں کئی شبہات کو پیدا کررہا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق حکومت کی بینفٹ اسکیمات کیلئے آدھار کارڈ کا استعمال کیا جانا چاہیئے لیکن جائیداد کے سروے میں آدھار کارڈ کو لازمی قرار دینا باعث حیرت ہے۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ اس سروے سے عوام کو کیا فائدہ ہے جس کی بنیاد پر حکومت آدھار کارڈ اور ارکان خاندان کی تفصیلات مانگ رہی ہے۔ مجلسی رکن نے کہا کہ شہر میں کئی خاندان ایسے ہیں جن کے جائیداد مالکین بیرونی ممالک میں ہیں اور ان کے کاغذات بینک لاکرس میں بند ہیں ایسے افراد کیلئے حکومت کیا سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے نوٹرائز ڈاکیومنٹ پر موجود جائیدادوں کے سلسلہ میں حکومت سے موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 3.5 لاکھ جائیدادوں کے منجملہ صرف 50 ہزار افراد نے تفصیلات درج کرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے نتیجہ میں پرانے شہر میں عوام کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔ نشیبی علاقوں میں معمولی بارش کے سبب گھروں میں پانی داخل ہورہا ہے۔ جس طرح بلدیہ میں 10 فیصد گرین بجٹ مختص کیا گیا اسی طرح پرانے شہر میں پانی کی نکاسی کیلئے متوازی نالے خصوصی بجٹ سے تعمیر کئے جائیں۔ بارش کے نتیجہ میں پرانے شہر میں گھنٹوں برقی سربراہی مسدود رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین نگر، جل پلی اور ندیم کالونی علاقوں میں کئی دنوں سے مکانات پانی میں محصور ہیں ان علاقوں میں پانی کی نکاسی کا انتظام کیا جانا چاہیئے۔ مجلسی رکن نے کہا کہ حمایت ساگر کی سطح مکمل ہونے پر فلڈ گیٹس کو اچانک کھولنے سے راستہ میں آبادیوں کو نقصان ہوگا لہذا پانی کی نکاسی کا کام بتدریج اور وقفہ وقفہ سے انجام دیا جائے تاکہ عوام نقصانات سے بچ سکیں۔ انہوں نے نلگنڈہ کراس روڈ، پرانا پل اور نیا پل سے متوازی ہاکرس برج کے تعمیری کاموں کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔