سیلاب متاثرین کیلئے می سیوا میں تفصیلات درج کرنے کی سہولت کا خیرمقدم: محمد محمود علی
حیدرآباد: ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں جائیداد ٹیکس میں رعایت دینے اور سیلاب کے متاثرین کو می سیوا میں تفصیلات درج کرانے اور جی ایچ ایم سی کے صفائی کرمچاریوں کی تنخواہوں میں 3 ہزار روپئے کا اضافہ کرنے کے فیصلہ کو مثالی قرار دیتے ہوئے خیرمقدم کیا اور چیف منسٹر کے سی آر کی انسانی ہمدردی اور قائدانہ صلاحیتوں پر فخر کا اظہار کیا۔ محمد محمود علی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے 15 ہزار روپئے تک جائیداد ٹیکس میں 50 فیصد دیگر بلدیات میں 10 ہزار روپئے تک جائیداد ٹیکس میں رعایت دینے سے سرکاری خزانہ پر 326.48 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا مگر چیف منسٹر نے اس کی پرواہ نہیں کی بلکہ کورونا بحران اور سیلاب و بارش کے متاثرین کو راحت فراہم کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے جس سے ریاست کے 31 لاکھ 40 ہزار خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ شہر حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی کرمچاریوں کی خدمات بھی ناقابل فراہوش ہے۔ انہوں نے کورونا بحران کے دوران حیدرآباد کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے دن رات محنت کی ہے جس کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے ان کی تنخواہوں میں 3 ہزار روپئے کا اضافہ کیا ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے موقع پر جی ایچ ایم سی صفائی کرمچاریوں کی تنخواہیں 8 ہزار 500 روپئے تھی۔ چیف منسٹر نے ان 6 سال کے دوران تنخواہوں میں تین مرتبہ اضافہ کرتے ہوئے 17,500 روپئے کردیا گیا ہے۔ ساتھ ہی شہر حیدرآباد کے سیلاب متاثرین جو حکومت کے 10 ہزار روپئے امداد سے محروم ہیں، انہیں امداد فراہم کرنے کیلئے می سیوا سنٹر میں اپنے ناموں اور تمام تفصیلات درج کروانے کی سہولت فراہم کی ہے جن کا عہدیدار جائزہ لیکر بینک کھاتوں میں امدادی رقم جمع کریں گے۔