بعض عملہ کی جانب سے فرضی رسید دیکر شہریوں کو دھوکہ، عوام کی چوکسی ضروری
حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے رہائشی جو جی ایچ ایم سی کو پراپرٹی ٹیکس کی رقم نقد ادا کررہے ہیں، جی ایچ ایم سی کا کچھ عملہ عوام کی جانب سے ادا کی گئی نقد رقم کو اپنی ذاتی ضروریات کے لئے استعمال کررہا ہے اور اس رقم سے سودی کاروبار کرتے ہوئے اپنا منافع لینے کے بعد وہ ٹیکس کی رقم ادا کرتے ہیں۔ پراپرٹی ٹیکس جمع کرنے کے لئے بل جمع کرنے والے BC اور ٹیکس انسپکٹر ہیں۔ شیرلنگم پلی اور کوکٹ پلی زون میں چند خانگی عملہ ٹیکس انسپکٹرس اور BC کے تحت کام کررہے ہیں۔ یہ سبھی ایسے مکانات اور اضافی منزلوں کی نشاندہی کررہے ہیں جو ٹیکس کے دائرے میں نہیں ہیں۔ یہ لوگ مالکان کو دھمکی دے رہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی سیول سرویس سنٹر سالانہ 20 کروڑ روپئے خالی اراضی ٹیکس اور جائیداد ٹیکس سے نکال رہے ہیں جو سیلف اسسمنٹ کے ذریعہ ادا کئے جاتے ہیں جو نقد رقم ادا کئے جاتے ہیں۔ سی ایس سی کا عملہ فرضی رسیدیں دے کر شہریوں اور جی ایچ ایم سی کو دھوکہ دے رہا ہے۔ ٹیکس انسپکٹرس اور بل جمع کرنے والوں کے پاس ہینڈ ہیلڈ مشینیں ہیں۔ ڈیبٹ، کریڈٹ کارڈس اور کیو آر کورڈس کے ذریعہ ٹیکس ادا کیا جاسکتا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ My GHMC موبائیل ایپ اور دیگر UPI ایپس کے ذریعہ ٹیکس ادا کریں۔ اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن نے عوام سے اپیل کی کہ ایسا کسی بھی مقام پر کیا گیا تو وہ فوراً ڈپٹی کمشنر یا زونل کمشنر سے شکایت کریں یا پھر پرجا وانی میں بھی اس کی شکایت کی جاسکتی ہے۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ (ش)