حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے جائیداد ٹیکس وصولی پر توجہ دینے کا آغاز کردیا ہے۔ یرلی برڈ اسکیم کے ذریعہ جائیداد ٹیکس کی ادائیگی پر 5 فیصد رعایت سے متعلق عوام میں شعور بیداری وسیع پیمانے پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اسکیم کے تحت جاریہ ماہ کے اواخر تک 500 کروڑ ٹیکس وصولی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ کی مالی حالت خراب ہے یہاں تک کہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے بھی مشکلات درپیش ہیں۔ تو دوسری جانب مختلف تعمیری و ترقیاتی کام انجام دینے والے کنٹراکٹرس کو بھی بلس کی ادائیگی باقی ہے۔ ایس آر ڈی پی کے تحت بانڈس کے ذریعہ حاصل کردہ رقم موجود ہونے کی وجہ سے ماہ فروری میں اتنی زیادہ مشکلات درپیش نہ تھیں اور اس اسکیم کے تحت دو قسطوں میں حاصل کردہ 395 کروڑ کی رقم ختم ہوچکی ہے۔ اگرچہ دوبارہ بانڈس کے ذریعہ رقم حاصل کرنے کی تجویز سے بھی دستبرداری اختیار کی گئی تھی۔
