جائیداد چھین کر بیٹے نے 75 سالہ ضعیف ماں کو گھر سے بے دخل کردیا

,

   

خونی رشتوں کو شرمندہ کرنے کا ایک اور واقعہ
آر ڈی او کی مداخلت کے بعد مسئلہ کی خوشگوار یکسوئی
حیدرآباد :۔ ضعیف ماں کے ساتھ بیٹے اور بہو کے ظلم کا ایک اور واقعہ منظر عام پر آیا ستم ظرفی یہ ہے کہ پوتے نے بھی دادی پر حملہ کیا ۔ جائیداد چھین لینے کے بعد دو وقت کا کھانا کھلانے کے لیے ستاتے ہوئے کافی پریشان کیا گیا ۔ پیر ٹوٹنے اور چلنے پھرنے کی قابل نہ رہنے والی ستااماں پر اس کے بیٹے نے کوئی رحم نہیں کیا ۔ ان ہراسانیوں سے تنگ آکر ضعیف خاتون گھر سے نکل گئی اور پانچ دن تک گاؤں والوں کی جانب سے دئیے جانے والے کھانے پینے پر زندگی گذارنے کے لیے مجبور ہوگئی ۔ آر ڈی او کی مداخلت کے بعد بیٹے نے ضعیف ماں کو قبول کرنے سے اتفاق کیا ۔ جائیداد کی خاطر جھگڑوں کے کئی واقعات منظر عام پر آرہے ہیں ۔ مگر چند ایک ایسے بھی واقعات ہیں جو خونی رشتوں کو شرمندہ کررہے ہیں ۔ ایک ایسا ہی واقعہ ضلع یدادری بھونگیر کے چوٹ اپل منڈل کے حدود میں واقع دھرماجی گوڑم موضع میں پیش آیا ۔ اسی گاؤں میں رہنے والے ایس رام ریڈی اور ستااماں کو ایک بیٹا اور بیٹی دو اولاد ہیں ۔ دونوں کی شادیاں ہوگئی ہیں ۔ 7 سال قبل ایس رام ریڈی بھی دنیا سے چل بسیں 75 سالہ ضعیف خاتون ستااماں اپنے بیٹے ملا ریڈی کے ساتھ رہ رہی تھیں ۔ والد کے انتقال کے بعد بیٹے ملا ریڈی نے اپنے باپ کے نام پر موجود تین ایکڑ اراضی کا پٹہ اپنے نام کروالیا اور اسی وقت اپنی ماں کو 30 ہزار روپئے نقد دئیے تھے ۔ جس کو چند دن بعد دوبارہ واپس لے لیا ۔ فی الحال ستااماں کو حکومت کی طرف سے عمر رسیدہ وظیفہ حاصل ہورہا ہے ۔ دو سال قبل ستااماں کا پیر ٹوٹ گیا تھا اور وہ نارکٹ پلی کے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج تھی ۔ اس وقت بھی بیٹے اور بہو نے علاج کرانا تو اپنی ماں کو بھی دیکھنا گوارا نہیں کیا ۔ ساری خدمت بیٹی پریما لتا نے انجام دی ۔ حالیہ دنوں میں بیٹے اور بہو نے ستااماں کو ہراساں کیا ۔ طعنے دیتے ہوئے زندگی اجیرن بنادی ، جس سے دل برداشتہ ہو کر ضعیف ستااماں گھر سے نکل گئی ۔ گاؤں والوں کی اطلاع پر بیٹی نے انصاف کے لیے اپنی ماں کو لے کر آر ڈی او آفس پہونچی اور آر ڈی او سورج کمار کو ساری داستان سنائی جس پر آر ڈی او نے فوری ردعمل کا اظہار کیا اور ستااماں کے بیٹے کو آر ڈی او آفس طلب کیا ۔ ماں کے خلاف جاہلانہ رویہ ترک نہ کرنے پر پٹہ اراضی منسوخ کرنے اور مقامی کمپنی میں کام کرنے والے پوترے کو ملازمت سے برطرف کرادینے کی دھمکی دی جس پر بیٹے نے دوبارہ ایسی غلطی نہ کرنے اور ماں کی اچھی طرح سے دیکھ بھال کرنے کا آر ڈی او کو تیقن دیا جس کے بعد مسئلہ حل ہوگیا ۔۔