حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) معین آباد کے علاقہ میں ایک خاتون وکیل کا قتل کردیا گیا۔ اس واردات کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور وکلاء نے ساتھی وکیل کے قتل کے خلاف معین آباد پولیس اسٹیشن پر دھرنا منظم کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سواپنا کا قتل اس کے حقیقی بڑے بھائی کی جانب سے کردیا گیا اور واردات کو کرایہ کے قاتلوں نے انجام دیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے اس بات کا انکشاف کیا۔ جائیداد کے تنازعہ میں بھائی نے بہن کا قتل کردیا۔ سواپنا پر آج صبح نامعلوم افراد نے اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنی زرعی زمین سے گھر واپس ہو رہی تھی۔ سواپنا پر حملہ کے وقت اس کی والدہ بھی اس کے ہمراہ موجود تھیں۔ بیٹی کے قتل کے وقت موجود سواپنا کی والدہ نے بیٹی کے قاتلوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سواپنا پر پہلے لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا اور پھر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ قاتل کار میں سوار تھے اور اچانک انہوں نے حملہ کردیا۔ سواپنا اور اس کے بھائی کے درمیان گزشتہ چند سالوں سے اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا اور اس سے قبل بھی سواپنا پر دو مرتبہ قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ بچ گئی تھیں اور معین آباد پولیس میں اس کی شکایت بھی کی گئی تھی تاہم پولیس کی غفلت اور لاپرواہی سے ایک نوجوان خاتون ہلاک ہوگئی۔ معین آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع