ظہیرآباد ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ظہیرآباد کے علاقہ بھارت نگر میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس میں بیٹے نے جائیداد کے تنازعہ میں اپنی ماں کے ساتھ مل کر اپنے ہی باپ کو بیدردی سے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے بموجب مقتول محمد تاج الدین بعمر 60 سالہ پیشہ مزدور وقارآباد ضلع کے مرپلی منڈل کے موضع بھوچن پلی کچھ عرصے سے ظہیرآباد کے بھارت نگر میں قیام پذیرتھا زمین کی تقسیم کے معاملے پر ان کا اپنے بیٹے اور بیوی کے ساتھ کافی عرصہ سے جھگڑا چل رہا تھا۔جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس پر بیٹے، بیوی اور بہن نے تاج الدین پر حملہ کر دیا۔ ملزمین نے مقتول تاج الدین کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈالا اور لاٹھیوں سے بے رحمی سے شدید زورکوب کیا ۔ زخموں سے جانبرنہ ہوسکا اور موقع واردات پر ہی فوت ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی سرکل انسپکٹر شیوالنگم نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ظہیرآباد ایریا اسپتال منتقل کیا اور اس خصوص میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کاآغاز کیا ۔ پولیس نے قتل میں ملوث بیٹے، بیوی اور مقتول کی بہن کو حراست میں لئے لیا۔
ریت کیلئے آن لائن کوپن
حاصل کریں: ضلع کلکٹر
محبوب نگر ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر خوشبو گپتا نے اعلان کیاکہ ضلعی حکومت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ، مکانات کی تعمیر کیلئے ریت کو یکم اپریل سے خصوصی طورپر آن لائن محفوظ کیا جانا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ تحصیلداروں ( مقامی انتظامی عہدیداروں ) کو اس تاریخ کے بعد دستی کوپن جاری نہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ کلکٹر نے اعلان کیا کہ اگر ریت کے لئے کوپن جاری کئے گئے تو سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔