ہاتھ پیر باندھ کر واٹر ٹینک میں پھینک دیا گیا ۔ چھاؤنی میں واقعہ
حیدرآباد 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) مادنا پیٹ پولیس نے 7 سالہ ثمینہ قتل کیس کو حل کرلیا جس نعش مکان کی چھت پر واٹر ٹینک سے برآمد ہوئی تھی ۔ پولیس نے بچی کے سگے ماموں اور اس کی بیوی کی نشاندہی کرلی جنھوں نے جائیداد کے تنازعہ میں بچی کا قتل کردیا۔ معصوم بچی کا بے رحمی سے قتل کرنے والے ظالم جوڑے کو پولیس تلاش کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا تاہم پولیس نے اس کی توثیق نہیں کی ۔ لڑکی کے والد عظیم الدین فاروقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تفصیلات بتائیں۔ بچی کو 2 ہزار لیٹر والی واٹر ٹینک میں اس کے ہاتھ پیر باندھ کر ڈال دیا گیا۔ اس بے رحم جوڑے کی حرکت کے بعد علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق بچی اپنی والدہ کے ہمراہ چھاؤنی ناد علی بیگ اپنی نانی کے گھر آئی تھی۔ جو گزشتہ روز لاپتہ ہوگئی تھی۔ پولیس ٹیمیں بچی کو تلاش کررہی تھیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق بچی کے ماموں سمیع الدین اور اس کی بیوی نے اس واردات کو انجام دیا۔ متوفی بچی کے والد نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ بچی کے ساتھ انصاف کریں اور اس کے قاتلوں کو سخت و عبرتناک سزا دلائی جائے ۔ انسپکٹر پولیس مادنا پیٹ انجنیلو نے بتایا کہ قاتلوں کی نشاندہی کرلی گئی ۔ پولیس ہر زاویہ سے تحقیقات کررہی ہے۔ جلد قاتلوں اور قتل کی وجوہات کو پیش کیا جائے گا۔ع