حیدرآباد، 24/ اگست (یواین آئی)جاب کیلنڈر جاری کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے مختلف طلبہ تنظیموں نے چیف منسٹر چندرشیکھرراو کے کیمپ آفس پرگتی بھون کے محاصرہ کی کوشش کی۔پی ڈی ایس یو، پی وائی ایل تنظیموں کے اس اچانک احتجاج کے نتیجہ میں کیمپ آفس کے قریب کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی تاہم پولیس نے ان تنظیموں کیقائدین اور کارکنوں کو روک دیا۔اس موقع پر ہاتھوں میں پلے کارڈس اور جھنڈی لے کر کیمپ آفس پہنچے مظاہرین نے چندرشیکھرراو کی زیرقیادت ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاب کیلنڈر کی اجرائی کے ساتھ ساتھ بے روزگارنوجوانوں کو الاونس فراہم کیاجائے ۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔اس موقع پروہاں موجودہ چوکس پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔مظاہرین اور پولیس کے درمیان بحث وتکرار بھی ہوگئی۔