جاب کیلنڈر کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ، اندرون ایک ماہ 3 علیحدہ نوٹیفکیشن

   

ریونیو، پولیس، ہیلت و آر ٹی سی میں جائیدادوں کی نشاندہی، بے روزگار نوجوانوں کو خوشخبری کیلئے ریونت ریڈی کی مساعی
حیدرآباد۔ 24 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کے لئے حکومت نے جاب کیلنڈر جاری کیا تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزراء سے مشاورت کے بعد جاب کیلنڈر کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اندرون ایک ماہ جائیدادوں پر تقررات کے تین علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کئے جاسکیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں کا جائزہ لیا جب پر فوری تقررات عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔ ایس سی زمرہ بندی کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی منظوری کے تحت تقررات کے نوٹیفکیشن میں ایس سی طبقہ کے ذیلی زمرہ جات کو تحفظات کی گنجائش رہے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ایک سال میں 60 ہزار جائیدادوں پر تقررات کی تیاری کررہے ہیں۔ حکومت کے دو سال کی تکمیل پر مجموعی تقررات کو ایک لاکھ تک پہنچانے کی منصوبہ بندی ہے۔ سرکاری محکمہ جات کے علاوہ کارپوریشنوں اور دیگر اداروں کی مخلوعہ جائیدادوں سے متعلق تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ ریونیو، برقی، صحت کے علاوہ آر ٹی سی میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی تیاریاں ہیں۔ ایس سی زمرہ بندی کو مرکز کی منظوری کے مرحلہ میں تقررات کے نوٹیفکیشن کی اجرائی میں کسی قدر تاخیر ہوئی ہے۔ حکومت جاب کیلنڈر کو ری شیڈول کرتے ہوئے مختلف مراحل میں 60 ہزار جائیدادوں پر تقررات کی تیاری کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عنقریب تقررات کے دو علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے۔ محکمہ بہبودی خواتین و اطفال میں 14236 آنگن واڑی ورکرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے علاوہ محکمہ صحت میں مختلف زمرہ جات کی 4000 سے زائد جائیدادوں پر تقررات کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاسکتا ہے۔ حکومت نے آر ٹی سی کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دے دی ہے اور آر ٹی سی حکام فوری طور پر تقررات سے متعلق جائیدادوں کی نشاندہی کررہے ہیں۔ حکومت کے شیڈول کے مطابق پولیس اور گروپ II کی جائیدادوں پر تقررات میں تاخیر کے نتیجہ میں حکومت ایس سی زمرہ بندی کے تحت نئے نوٹیفکیشن کی تیاری کررہی ہے۔ مذکورہ محکمہ جات کی جائیدادوں کو ایس سی زمرہ بندی کے تحت نئے تحفظات فراہم کرتے ہوئے تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے علاوہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ اور دیگر ریکروٹمنٹ بورڈس کو نوٹیفکیشن کی اجرائی کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔ 1