جاب کیلنڈر کے مطابق 2 لاکھ تقررات کا وعدہ پورا کرنے ریونت ریڈی سے مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

بی آر ایس دور حکومت کا قرض محض 2.80 لاکھ کروڑ، کانگریس حکومت کے محض 3 سال باقی
حیدرآباد۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت سے وعدوں کی تکمیل کے بارے میں سوال کرنے والوں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی غیر پارلیمانی الفاظ کے ذریعہ نشانہ بنا رہے ہیں۔ بنڈلہ گوڑہ جاگیر کی سابق میئر سری لتا پریم گوڑ نے آج بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ پروگرام میں کے ٹی آر نے سابق میئر کا پارٹی میں استقبال کیا اور کھنڈوا پہنایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد 10 سال تک بی آر ایس نے ریاست کو ہر شعبہ میں ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ کے سی آر برسر اقتدار آنے کے بعد اندرون 6 ماہ برقی بحران پر قابو پالیا گیا۔ ہر شعبہ کو برقی کی موثر سربراہی 10 سال تک جاری رہی۔ کورونا بحران کے دوران بھی ترقیاتی کاموں کو جاری رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کا بھروسہ کے سی آر پر برقرار ہے اور کانگریس حکومت نے الیکشن سے قبل کئے گئے وعدوں کے معاملہ میں عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھلائی کے اقدامات کے سبب کے سی آر آج بھی تلنگانہ عوام کے دلوں میں ہے۔ کے سی آر حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ 5 لاکھ فی ایکر کی اراضی 30 تا 50 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ ریونت ریڈی برسر اقتدار آنے کے بعد ریئل اسٹیٹ شعبہ ٹھپ ہوچکا ہے اور اراضیات کی قیمتوں میں کمی ہوچکی ہے۔ کسانوں کو قرض معافی اور رعیتو بندھو کے وعدے پورے نہیں کئے گئے۔ کے سی آر حکومت نے 70 لاکھ کسانوں کو رعیتو بندھو کے تحت 73 ہزار کروڑ جاری کئے تھے۔ پنشن کو 200 روپے سے بڑھاکر 2000 کیا گیا اور ریونت ریڈی نے 4000 روپے کرنے کا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا ہے۔ تلنگانہ کو مقروض بنانے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے 2.80 لاکھ کروڑ قرض حاصل کیا تھا جبکہ کانگریس 8 لاکھ کروڑ قرض کا الزام عائد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کسی کے لئے مستقل نہیں ہوتا اور کانگریس حکومت کے 3 سال باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں سے ریونت ریڈی خوفزدہ ہیں اور اسی لئے اشوک نگر جانے سے گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا حکومت دعویٰ کررہی ہے جبکہ حقیقت میں 10 ہزار تقررات بھی نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوان ریاست بھر میں احتجاج کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاب کیلنڈر پر عمل کرتے ہوئے 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ پورا کرے۔ 1