جادوگر ہوشیار … موت کا خطرہ

   

حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) حالیہ عرصہ میں سماج میں کالا جادو اور سفلی عملیات کے معاملات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ دیہی علاقوں میں جادو ٹونا میں ملوث افراد کو مار پیٹ کے واقعات اکثر و بیشتر منظر عام پر آتے رہے ہیں اور ایسے افراد کو گاؤں سے بیدخل کیا جارہا ہے۔ جگتیال ضلع میں جادو اور سفلی عملیات سے عاجز جگناتھ پور گاؤں والوں کی جانب سے لگائی گئی فلیکسی جادو ٹونا والوں میں موت کا خوف پیدا کرچکی ہے۔ جگناتھ پور میں 8 افراد پر شبہ ہے کہ وہ سفلی عملیات میں ملوث ہیں جس کے نتیجہ میں گاؤں میں مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ گاؤں والوں نے 8 جادو گروں کے لئے قتل کی دھمکی دیتے ہوئے گاؤں میں فلیکسی نصب کی ہے۔ فلیکسی میں کہا گیا ہے کہ ’’ جو 8 افراد اس کام میں ملوث ہیں اگر وہ اپنی سرگرمیاں ترک نہیں کریں گے تو انہیں ہلاک کردیا جائے گا۔‘‘ فلیکسی نے سارے گاؤں میں ہلچل پیدا کردی ہے اور پولیس نے چوکسی اختیار کرلی۔ متعلقہ ڈی ایس پی پرکاش نے گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی ہے۔ پولیس اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ فلیکسی آخر کس نے لگائی اور گاؤں میں جادو ٹونا میں کون ملوث ہیں۔ پولیس نے گاؤں والوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی انتہائی اقدام سے گریز کریں اور جادو کرنے والوں کی پولیس کو اطلاع دی جائے۔ متعلقہ ایس پی سندھو شرما نے گاؤں میں جادو ٹونا کے خلاف عوام میں شعور بیداری مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ر