نئی دہلی ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی عدالت ِ انصاف (آئی سی جے) توقع ہے ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو جسے پاکستان میں سزائے موت سنائی گئی ہے، اُس سے متعلق کیس میں 17 جولائی کو اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی، سرکاری ذرائع نے آج یہ بات کہی۔ جادھو جو ریٹائرڈ انڈین نیوی آفیسر ہے، اُسے اپریل 2017ء میں جاسوسی اور دہشت گردی کے الزامات پر ایک پاکستانی ملٹری کورٹ نے سزائے موت سنائی۔ ہندوستان جادھو تک سفارتی رسائی سے پاکستان کے انکار پر مئی 2017ء میں آئی سی جے سے رجوع ہوا تھا۔ ہندوستان نے 48 سالہ جادھو کے خلاف پاکستان کی ملٹری کورٹ کے ’عجیب‘ ٹرائل کے جواز کو چیلنج بھی کیا تھا۔ آئی سی جے نے 18 مئی 2017ء کو پاکستان کو روک دیا کہ جادھو کو اس کیس کا تصفیہ ہونے تک سزائے موت نہ دی جائے۔ انٹرنیشنل کورٹ نے فبروری میں اس کیس کی چار روز عام سماعت منعقد کی، جس کے دوران ہندوستان اور پاکستان دونوں نے اپنی تفصیلی ادعا جات پیش کئے۔ہندوستان نے دو اہم نکات اٹھائے کہ پاکستان نے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کی اور معاملہ کی غلط یکسوئی کی۔