جارج سوروس ہندوستان کی جمہوریت کیلئے چیلنج، منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت

   

ہم نے پہلے بھی غیر ملکی طاقتوں کو شکست دی ہے ، مرکزی وزیر اور بی جے پی قائد سمرتی ایرانی کی پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس

نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعہ کو امریکی سرمایہ کار جارج سوروس پر راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے بینک آف انگلینڈ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا اور جسے معاشی مجرم قرار دیا گیا ہو وہ ہندوستان میں جمہوریت کو تباہ کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کررہا ہے ۔بی بی سی کی ایک متنازعہ دستاویزی فلم اور امریکی قیاس آرائی کرنے والی فرم ہنڈن برگ ریسرچ کی ہندوستان کی بنیادی ڈھانچے کی صنعتوں میں کام کرنے والے اڈانی گروپ کے خلاف منفی رپورٹ پر پھیلے تنازعہ کے درمیان مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر سمرتی ایرانی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ‘‘جارج سوروس کا یہ کہنا کہ وہ ہندوستان میں مودی کوجھکا دیں گے ، ہندوستانی جمہوری طریقے سے منتخب کی گئی حکومت کو تباہ کردیں گے ، اس کا منہ توڑ جواب ہر ہندوستانی کو دینا چاہیے ۔ایرانی نے کہا کہ سوروس نے اعلان کیا ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی کو اپنے وار کا مرکزی نقطہ بنائیں گے ۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی غیر ملکی طاقتوں کو شکست دی ہے ، مستقبل میں بھی شکست دیں گے ۔ آج، ملک کے ایک شہری کے طور پر، میں ملک کے لوگوں سے یہ مطالبہ کرنا چاہتی ہوں کہ ایک غیر ملکی طاقت، جس کے مرکز میں جارج سوروس نامی شخص ہے ، نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے جمہوری ڈھانچے پر حملہ کریں گے ۔ سوروس نے میونخ سیکورٹی کانفرنس سے پہلے ایک تقریر میں اڈانی معاملے پر ہنڈنبرگ ریسرچ رپورٹ سے شیئروں میں گراوٹ سے متعلق کہا ‘‘مودی اس موضوع پر خاموش ہیں، لیکن انہیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے سوالات کا جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے اس متنازعہ تبصرہ میں کہا، ‘‘یہ کیس ہندوستان کی وفاقی حکومت پر مودی کی گرفت کو کمزور کر دے گا اور اس سے اس طرح کی ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے کا راستہ کھلے گا، جن کی بہت ضرورت ہے ۔’’ سوروس نے کہا ‘‘شاید میں (اس بارے میں) کم عقل ہوں، لیکن میں ہندوستان میں جمہوری بحالی کی امید کرتا ہوں۔’’محترمہ ایرانی نے کہا کہ سوروس چاہتے ہیں کہ ہندوستان میں ایسی حکومت بنے جو ان کے مذموم عزائم کو کامیاب بنانے میں مددگار ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ سوروس کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے خاص طور پر مودی جیسے لیڈروں پر حملہ کرنے کے لئے ایک بلین ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ان کی یہ بات غور کرنے کے لائق ہے ۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ سوروس نے کئی ممالک کے خلاف شرط لگائی، ہندوستان کے جمہوری عمل کے بارے میں اپنی ناخوشگواری کا اظہار کیا۔