جاریہ تعلیمی سال انجینئرنگ کی پرانی فیس پر عمل کرنے حکومت کا فیصلہ

   

ایم بی اے ، فارمیسی و دیگر پروفیشنل کورسس کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، احکامات جاری
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں انجنیئرنگ کے علاوہ دیگر پیشہ وارانہ کورسس کی پرانی فیس جاریہ تعلیمی سال بھی برقرار رہے گی ۔ قواعد کے مطابق سال 2025-28 تعلیمی سال فیس میں نظرثانی کی جانی تھی تاہم ریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس کو مزید ایک سال کیلئے ملتوی کر رہی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ انجنیئرنگ ، فارمیسی ، ایم بی اے اور دیگر پروفیشنل ، یو جی اور پی جی کورسس کی فیس جوں تا توں جاری رہے گی ۔ سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ خانگی انجنیئرنگ کالجس کی جانب سے فیس پر نظر ثانی کیلئے جو تجاویز پیش کی گئی ہیں، وہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق نہیں ہے ۔ یوگیتا رانا نے کہا کہ فیس پر نظر ثانی کیلئے خانگی انجنیئرنگ کالجس نے جو تجاویز پیش کی ہے ، اس کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ عہدیداروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ یہ کمیٹی فیس میں اضافہ کی بنیاد کا جائزہ لے گی ۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ کے احکامات پر ملک کی دیگر ریاستیں کس طرح عمل کر رہی ہیں ، کمیٹی جائزہ لینے کے بعد بہتر ترمیمات کیلئے حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی جس کی وجہ سے پرانی فیس کو جاریہ سال بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تقریباً تمام انجنیئرنگ کالجس نے فیس میں اضافہ کی تجاویز روانہ کی ہے ۔ شہر حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں موجود کئی کالجس نے فیس میں صد فیصد اضافہ کیا ہے ۔ گزشتہ سال انجنیئرنگ کی زیادہ سے زیادہ 1.60 لاکھ روپئے فیس تھی ۔ اس بار موصول ہونے والی تجاویز میں چند مشہور کالجس نے سالانہ فیس کو بڑھاکر 2.50 لاکھ روپئے کرنے کی تجاویز پیش کی ہے ۔ حکومت کے فیصلہ کے بعد رواں تعلیمی سال پرانی فیس ہی برقرار رہے گی ۔ حکومت نے آئندہ سال تمام انجنیئرنگ کالجس کا معائنہ کرنے اور ان کی سہولیات کا تمام پہلوؤں سے جائزہ بالخصوص تدریسی عملہ کی تنخواہیں قواعد کے مطابق ہے یا نہیں اس کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2