اضلاع رنگاریڈی اور ناگرکرنول کا تجرباتی طور پر انتخاب
حیدرآباد۔ 4 جون (سیاست نیوز) ریاست کے تعلیمی شعبہ میں انقلابی تبدیلیوں کیلئے کانگریس حکومت نے ایک اور اقدام کیا ہے۔ ایجوکیشن کمیشن کی سفارش پر آنے والے تعلیمی سال ’’تلنگانہ پبلک اسکول‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پائلٹ پراجکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں اضلاع رنگاریڈی، ناگرکرنول میں 4 اسکولس قائم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت ، ریاستی تعلیمی شعبہ کو مستحکم کرنے بالخصوص دیہی علاقوں میں بین الاقوامی معیارات کے مطابق کوالیٹی ایجوکیشن فراہم کرنے کی بنیاد ڈال رہی ہے۔ تلنگانہ ایجوکیشن کمیشن نے حکومت کو جو سفارش کی ہے، اس کے مطابق نرسری تا انٹرمیڈیٹ (TPS) ’’تلنگانہ پبلک اسکول‘‘ قائم کئے جارہے ہیں۔ پہلے نرسری تا دوسری جماعت تلنگانہ فاؤنڈیشنل اسکولس (TFS) کی بنیاد رکھی جائے گی۔ تلنگانہ کے ہر منڈل میں تین ٹی پی ایس اور چار ٹی ایف ایس اسکولس قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایجوکیشن کمیشن کی یہ سفارش کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن کے صدرنشین اے مرلی سے ملاقات کی ہے اور مختلف تعلیمی اُمور کا جائزہ لینے کے بعد تجرباتی بنیاد پر پہلے 4 اسکولس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک اسکول کے قیام پر 12 کروڑ روپئے کا خرچ آئے گا۔ ایک تلنگانہ پبلک اسکول میں 1,500 تا 1,800 طلبہ کو داخلے دینے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ پبلک اسکول میں داخلہ لینے والے طلبہ کو ناشتہ، لنچ اور شام میں اسنیکس دیا جائے گا۔ طلبہ کی صحت اور تعلیم پر توجہ دیتے ہوئے پکوان کا مینو تیار کیا جائے گا۔ ان اسکولس میں جدید طرز کی ڈیجیٹل کلاس رومس، کمپیوٹر لیابس، سائنس لیابس، وسیع لائبریریز اور بڑے گراؤنڈس کے ساتھ انڈور گراؤنڈس کی بھی سہولتیں دی جائیں گی۔ طلباء و طالبات کیلئے مفت بس سرویس رہے گی جو طلبہ کو گھر سے اسکول اور پھر اسکول سے گھر پہنچائے گی۔2