سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ سال رواں کے دوران اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کی سیر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن کا ماحول قائم ہے اور تجارت اور اسکول اچھی طرح سے چل رہے ہیں۔ موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے حضرت شیخ نورالدین نورانی ؒکے لئے تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے کہا کہ حضرت شیخ العالم ؒ کو دنیا جانتی ہے انہیں دنیا میں کسی کے سامنے متعارف کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ شیخ العالم ہیں شیخ الکشمیر نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت شیخ العالم ؒ تصوف کے مظہر تھے۔