حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : شمس آباد ایرپورٹ کو مسلسل فرضی ای میلس آرہے ہیں جس میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاعات دی جارہی ہیں جس پر تبصرہ کرتے ہوئے شمس آباد زون ڈی سی پی بی راجیش نے کہا کہ شمس آباد ایرپورٹ کو فرضی کالس کے ذریعہ بم رکھنے اور فرضی میلس کے ذریعہ بھی بم نصب کرنے کے پیغامات دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال شمس آباد ایرپورٹ کو 20 سے زیادہ فرضی کالس اور میلس موصول ہوئے جس سے ایرپورٹ میں افراتفری مچ رہی ہے اور حکام کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملہ کو سنجیدگی کے ساتھ لیتے ہوئے سائبر کرائمس ، سائبر سیکوریٹی بیورو کے ذریعے فرضی کالس اور میلس روانہ کرنے والوں کا بہت جلد پتہ لگا لیں گے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ فرضی کالس اور میلس کرنے والے چند افراد کو گرفتار کر کے ریمانڈ کے لیے بھیج دیا گیا ۔ گرفتار شدہ افراد نے بتایا کہ ذاتی وجوہات جیسے خوف ، چھیڑ چھاڑ کی سرگرمیوں کی وجہ سے کالس اور میلس کرنے کا انکشاف کیا ۔ اب تک جتنے بھی پیغامات آئے ہیں وہ ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہیں ۔ اس میں دہشت گردوں کا کوئی رول نہیں ہے ۔ ڈی سی پی نے عوام سے اپیل کی کہ جب بھی ایرپورٹ کو بم رکھنے کی اطلاع ملیں عوام کو گھبرانے یا ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ پولیس ہمیشہ عوام کے ساتھ ہے ۔ ان کی حفاظت کے لیے پولیس اور سیکوریٹی فورسیس ہیں ۔ مسافروں کی حفاظت کے لیے ایرپورٹ میں آوٹ پوسٹ پولیس اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ فرضی کالس اور میلس کا پتہ لگانے کے لیے سائبر کرائم سے خصوصی ٹیکنیکل ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے اور بہت جلد ان کا پردہ فاش کیا جائے گا ۔۔ ش