پولیس سے سخت گیر اقدامات، کمشنر پولیس وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جاریہ سال جرائم میں 15 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی سی سجنار کا کہنا ہیکہ پولیس کی جانب سے عمل میں لائی جارہی پالیسیوں اور سخت گیر اقدامات کے سبب جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں خواتین پر مظالم اور پاکسو مقدمات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے آج سٹی پولیس کمشنریٹ کی سالانہ رپورٹ کو جاری کیا اور کہا کہ حیدرآباد کو منشیات سے پاک اور کرائم فری شہر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد کمشنریٹ حدود میں سائبر جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ سزاء کے فیصد میں اضافہ اور روڈی عناصر کو قابو میں رکھنے کی پالیسیوں سے بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کے خلاف جاری کوششوں میں بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ گزشتہ سال کی بہ نسبت جاریہ سال بیرونی شہریوں کے خلاف کارروائی میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال 511 افراد کو منشیات کے معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس سال 566 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ شعور بیداری اور جرائم کے خلاف آگہی کے سبب جرائم بالخصوص سائبر جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ہفتہ میں دو دن منگل اور ہفتہ کے دن شعور بیداری پروگرام چلائے جارہے ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سجنار نے سائبر دھوکہ بازوں سے چوکنا رہنے آن لائن بیٹنگ سے دور رہنے کی تلقین کی اور لڑکیوں سے درخواست کی کہ وہ اپنی آپ خود حفاظت کریں چونکہ آن لائن دوستی اور اجنبی افراد پر بھروسہ مشکلات پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کے ساتھ زیادتی، ہراسان اور انہیں پریشان کرنے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور کہا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کی شی ٹیمس بروقت چوکس ہیں۔ کمشنر پولیس نے سال 2026ء میں پولیس کی جانب سے عمل میں لائے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ ملاوٹی اشیاء کے خلاف سخت پالیسی تیار کی گئی ہے اور شہریوں کو ملاوٹی اشیاء سے بچانے کیلئے سٹی پولیس کی جانب سے خصوصی ونگ تشکیل دی جائے گی اور ایک ڈی سی پی کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی اور بلدی حکام کے تال میل سے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے اور عنقریب اینٹی فوڈ اڈلٹریٹ ونگ قائم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے ونگ کارروائی کرے گا۔ ع
اس کے علاوہ نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ کو توسیع دی جائے گی اور حیدرآباد کمشنریٹ کے ہر زون میں ایک ٹیم کو قائم کیا جائے گا فی الحال دو ٹیمیں پائی جاتی ہیں۔ انہیں سات کردیا جائے گا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی اہمیت کو عوام میں اجاگر کرتے ہوئے مزید کیمروں کی تنصیب عمل میں لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ شہر حیدرآباد میں 5 لاکھ 22 ہزار سے زائد کیمرے پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی پولیس میں موجودہ ٹکنالوجی کو اے آئی سے مربوط کرتے ہوئے مزید بہتر نتائج حاصل کئے جائیں گے۔ غنڈہ عناصر روڈ اور مجرموں کے خلاف تینوں کمشنریٹ میں تال میل سے ان کا دائرہ تنگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے قتل کے واقعات اور شہریوں میں مسلسل وارداتوں سے پائی جانے والی بے چینی پر کہا کہ ان وارداتوں کی روک تھام کیلئے سخت منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے مستقبل میں بہترین تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ع
