جاریہ سال مرکزی گنیش وسرجن جلوس نہیں ہوگا

   

Ferty9 Clinic

کورونا وباء کے پیش نظر گنیش اتسو سمیتی کا فیصلہ
حیدرآباد: کووڈ۔19 وباء کے پیش نظر جاریہ سال گنیش چتورتی کا انعقاد جوش و خروش سے عمل میں نہیں لایا جائے گا ۔ بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی نے اعلان کیا کہ اگست 22 سے آغاز ہونے والے گنیش چتورتی کا اختتام یکم ستمبر کو ہوگا جس میں مرکزی وسرجن جلوس نہیں ہوگا۔ گنیش اتسو سمیتی کے ذمہ دار بھگونت راؤ نے کہا کہ سمیتی کی جانب سے گنیش پنڈال آرگنائزر سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ گنیش مورتیاں متعلقہ تالابوں یا جھیلوں میں وسرجن کریں اور حسین ساگر یا دیگر بڑے ٹینکس میں وسرجن کیلئے باہر نہ نکلیں۔ سمیتی نے کہا کہ 10 دن کے گنیش تہوار کے دوران ہر پنڈال میں سماجی دوری کے علاوہ صفائی بالخصوص سنیٹائزرس اور ماسک کے استعمال کا خاص خیال رکھا جائے ۔ سمیتی نے اپیل کی کہ بڑی مورتیوں کی بجائے جاریہ سال چھوٹی مورتیاں بٹھائی جائیں۔ گنیش اتسو سمیتی نے شہر کے کالونی اسوسی ایشن اور یوتھ اسوسی ایشن سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں چھوٹی مورتیاں بٹھائیں اور قریب کے کسی تالاب یا کنٹے میں اس کا وسرجن کریں۔ ہر سال ایک لاکھ سے زائد گنیش کی مورتیاں نصب کی جاتی ہیں جبکہ 70,000 سے زائد مورتیوں کا وسرجن حسین ساگر جھیل میں عمل میں لایا جاتا ہے جس کا آغاز بالا پور سے ہوتا ہے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر یہ احتیاطی اقدام تجویز کئے گئے ہیں۔