جاریہ سال ملک بھر میں مردم شماری کروانے کا امکان نہیں

   

تین سال کا عرصہ گذر جانے کے باوجود مرکزی حکومت کی عدم دلچسپی
حیدرآباد۔2۔فروری(سیاست نیوز) سال 2024 میں بھی ملک میں مردم شماری کا عمل نہیں کیا جائے گا جبکہ ہر 10 سال میں ایک مرتبہ مردم شماری کے عمل کو مکمل کیا جانا ہوتا ہے لیکن تین سال کا اضافی عرصہ گذرجانے کے بعد بھی مرکزی حکومت کی جانب سے مردم شماری کروائے جانے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں کیونکہ گذشتہ یوم حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے عبوری بجٹ میں مرکزی حکومت نے مردم شماری کے لئے محض 1277کروڑ 80 لاکھ روپئے کی تخصیص کا اعلان کیا ہے جبکہ سابق میں اس سے زیادہ بجٹ کی تخصیص کے باوجود مردم شماری کا عمل مکمل نہیں کیا جاسکا تھا۔ مرکزی کابینہ نے 2019میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران 2021 مردم شماری کے عمل کی تکمیل کے لئے 8754.23 کروڑ کی تخصیص کو منظوری دی تھی اور ساتھ ہی نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) کے لئے 3941.35 کروڑ کی تخصیص کا فیصلہ کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ قومی سطح پر مرکزی حکومت کی جانب سے یکم اپریل 2020 تا30 ستمبر2020کے دوران ملک بھر میں مردم شماری کے ساتھ این پی آر کی تیاری عمل میں لائی جائے گی لیکن کورونا وائرس وباء کے سبب صورتحال تبدیل ہوگئی اور حکومت نے مردم شماری کے عمل کو ملتوی کردیا ۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ جاریہ سال عام انتخابات کی وجہ سے مردم شماری کا عمل یا این پی آر کی تیاری ممکن نہیں ہوپائے گی اور ان دونوں کاموں کے لئے 12ہزار کروڑ درکار ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے مردم شماری اور این پی آر کے لئے ابتداء میں از خود آن لائن ڈیجیٹل مردم شماری میں حصہ لینے کے لئے کہا جائے گا اور اس کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے از خود مردم شماری میں حصہ لینے کے لئے پورٹل کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن 2020کے بعد سے اب تک اس پورٹل کی اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ گذشتہ دنوں این پی آر کے سلسلہ میں اقدامات کی بات کی گئی تھی لیکن بجٹ میں رقم مختص نہ کئے جانے کے بعد کہا جار ہاہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاریہ سال کے دوران بھی مردم شماری کروائے جانے کے کوئی امکانات نہیں ہیں ۔ حکومت کی جانب سے تیار کردہ پورٹل پر این پی آر اور مردم شماری میں حصہ لینے کے لئے آدھار اور موبائیل نمبر کو لازمی قراردئیے جانے کا امکان ہے۔ رجسٹرار جنرل اینڈ سینسس کمشنر کے مطابق مردم شماری کے لئے 31 سوالات تیار کئے گئے ہیں جس کے جواب شہریوں سے حاصل کرتے ہوئے ان کا مردم شماری اور این پی آر میں اندراج عمل میں لا یا جائے گا۔ان سوالات میں خاندان کی تفصیلات کے ساتھ انٹرنیٹ ‘ موبائیل ‘ اسمارٹ فون ‘ موٹر سیکل ‘ کار وغیرہ کی ملکیت کے علاوہ دیگر تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔3