جاریہ سال کاماریڈی پولیس نے1579 گم شدہ موبائیل فون برآمد کئے

   

Ferty9 Clinic

کاماریڈی ۔ 17 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پولیس کی خصوصی کارروائی کے نتیجے میں رواں سال کے دوران کاماریڈی پولیس نے اب تک 1579 کھوئے یا چوری ہوئے موبائل فون برآمد کرتے ہوئے اُنہیں اصل مالکان کے حوالے کیا ہے جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 53 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ حالیہ 15 دنوں میں پولیس کے خصوصی ڈرائیو کے دوران مزید 164 موبائل فون (تقریباً 27 لاکھ روپے مالیت) برآمد کیے گئے۔ ضلع ایس پی کاماریڈی مسٹر ایم راجیش چندرا نے بتایا کہ ضلع میں ہر ماہ اوسطاً 150 سے زائد موبائل فون بازیاب کیے جا رہے ہیں جو پولیس کے عوام دوست طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔ایس پی راجیش چندرا نے عوام سے اپیل کی کہ موبائل فون کھو جانے یا چوری ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائیں، سم کارڈ بند کروا کر اسی نمبر پر نئی سم حاصل کریں، اور پھر CEIR (Central Equipment Identity Register) ویب سائٹ پر اپنے فون کا IMEI نمبر بلاک کروائیں تاکہ اس کی نشاندہی اور برآمدگی آسان ہو سکے۔ ایس پی راجیش چندر نے اس موقع پر فون بازیاب کرنے والی ٹیم کے ارکان کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ عوامی تعاون اور پولیس کی مستعدی کا ثبوت ہے۔