جاریہ سال کے پہلے نصف میں جرائم میں معمولی کمی : سٹی پولیس کمشنر

   

حیدرآباد۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ سال 2020 کے پہلے6 مہینوں میں جرائم کی شرح میں معمولی طور پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019 کے جنوری تا جون 12374 مقدمات درج کئے گئے تھے جبکہ سال 2020 جون تک 12273 یعنی 10 فیصد جرائم کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف روڈی شیٹ کھولنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ شہر حیدرآباد میں ساؤتھ زون میں سب سے زیادہ یعنی 50 روڈی شیٹس کھولی گئی ہیں جبکہ نارتھ زون میں 39 ، ویسٹ زون میں 20 اور سنٹرل زون میں 25 روڈی شیٹس کھولی گئی ہیں۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ جاریہ سال جون تک 34 افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ہے۔