حیدرآباد یکم جنوری(یواین آئی) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے طبی شعبہ میں بڑی تبدیلیوں کا وعدہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال میں سرکاری طبی نظام کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر علاج کی سہولیات میسر آ سکیں۔ وزیر صحت نے گزشتہ سال کی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور یاد دلایا کہ قدیم عثمانیہ اسپتال کی نئی عمارت کی خواہش کو 2025 میں پورا کیا گیا جبکہ ریاست میں کئی میڈیکل کالجس اور ٹیچنگ اسپتالوں کی نئی عمارتیں تعمیر کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2026 میں 4 نئے ملٹی سوپر اسپیشلٹی اسپتال عوام کیلئے کھولے جائیں گے ۔ ان کو کارپوریٹ معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے تاکہ غریب عوام کینسر، امراضِ قلب اور گردوں کی بیماریوں جیسے امراض کا علاج بغیر کسی خرچ کے کروا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں سہولیات فراہم کر کے طبی تعلیم کو مضبوط بنایا جائے گا۔
