جاریہ سال 874 بچہ مزدور آزاد

   

آپریشن مسکان کی مہم، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے آپریشن مسکان کے تحت گمشدہ اور بچہ مزدوری کیلئے استعمال کئے جانے والے بچوں کو آجروں کے چنگل سے رہا کروانے میں ایک اہم کامیابی حاصل کی ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی کو آپریشن مسکان کا آغاز ہوا تھا اور اس آپریشن میں حیدرآباد پولیس کی 17 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں تھیں اور ہر ٹیم کو ایک سب انسپکٹر رتبہ کا عہدیدار تعینات کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 445 کم عمر بچوں کا پتہ لگایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آجروں کے چنگل سے رہا کروائے گئے بچوں میں 407 لڑکے اور 38 لڑکیاں شامل ہیں اور انہیں سعیدآباد کے ریسکیو ہوم اور لڑکیوں کو نمبولی اڈہ کے ریسکیو ہوم منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال جنوری میں آپریشن مسکان کے تحت جملہ 874 بچوں کو بچالیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف آجروں جو کم عمر بچوں کو اپنے آٹو میکانک شاپ ، بلڈنگ کنٹراکٹر ، میچنگ سنٹر ، بینگل شاپ اور چکن سنٹر میں بچہ مزدوری کروانے والوں کیخلاف 7 مقدمات درج کئے گئے تھے اور چائیلڈ لیبر ایکٹ کے تحت لیبر آفیسر نے 18 لاکھ 70 ہزار کا جرمانہ عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس اس بات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے کہ آجروں کے چنگل سے بچالئے گئے کمسن بچے دوبارہ ملازمت کی طرف راغب نہ ہو ۔ اس سلسلے میں بچوں کو اسکولی یونیفارم ، بیگ اور کتابیں وغیرہ فراہم کئے جارہے ہیں اور انہیں مختلف اسکولس میں داخل کرایا گیا ۔