جاریہ سال75 آپریشنز میں 180 جنگجو ہلاک :دلباغ سنگھ

   

Ferty9 Clinic

کسی بھی آپریشن میں کسی عام شہری کا ہلاک نہ ہونا ایک اچھی علامت

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں سال رواں کے دوران اب تک75 جنگجو مخالف آپریشنز میں 180 جنگجو مارے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 138 جنگجوؤں اور جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔مسٹر سنگھ نے پیر کے روز یہاں پولیس کنٹرول روم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ‘جموں و کشمیر میں اس سال اب تک 75 کامیاب آپریشنز ہوچکے ہیں جن میں 180 جنگجو مارے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 138 جنگجوؤں اور جنگجو اعانت کاروں کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں سال رواں کے دوران جنگجوؤں کی ہلاکتوں اور گرفتاریوں کی تعداد زیادہ ہے ۔موصوف نے کہا کہ سال رواں کے دوران الگ الگ جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران پولیس کے قریب 19، سی آر پی ایف کے 21 اور فوج کے 15 اہلکار بھی مارے گئے ۔انہوں نے کہا کہ سال رواں کے دوران اب تک 26 نوجوانوں نے جنگجو تنظیموں کی صفوں سے علاحدگی اختیار کی ہے ۔موصوف پولیس سربراہ نے کہا کہ دو روز قبل ہی ایک جنگجو نے کولگام میں ایک تصادم کے دوران سرنڈر کیا۔انہوں نے کہا: ‘دو روز قبل ہی ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے فردوس احمد نامی ایک جنگجو نے کولگام میں تصادم کے دوران سرنڈر کیا جو اس وقت پولیس حراست میں ہے اور اس کی پوچھ گچھ جاری ہے ‘۔مسٹر دلباغ سنگھ نے کہا کہ سال رواں کے دوران ہونے والے 75 جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران بتہ مالو آپریشن کے دوران ایک خاتون کی موت کے بجز باقی کسی بھی آپریشن میں کسی عام شہری کی موت واقع نہیں ہوئی۔