تخمینہ کے مطابق 50% آمدنی کا حصول ، آئندہ ڈھائی ماہ میں آمدنی کے نشانہ کی تکمیل متوقع
حیدرآباد: تلنگانہ میں محکمہ رجسٹریشن کی آمدنی 5,000 کروڑ روپئے سے تجاوز کرگئی ہے۔ 11 جنوری تک ریاست میں زرعی اور غیرزرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن سے حکومت کو 5,043 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے۔ ابھی تک 6.61 لاکھ رجسٹریشن ہوئے ہیں۔ جاریہ مالیاتی سال محکمہ رجسٹریشن سے آمدنی کی جو توقع تھی اس کی نصف فیصد آمدنی حاصل ہوگئی ہے۔ 8 ستمبر سے یکم نومبر تک زرعی جائیداددوں کے رجسٹریشن اور 13 ڈسمبر تک غیرزرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کو حکومت نے روک دیا تھا۔ رجسٹریشن کے دوبارہ آغاز کے بعد زرعی و غیرزرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن میں زبردست اضافہ ہوگیا۔ گزشتہ سال رجسٹریشن سے حکومت کو 6,446 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی تھی۔ حکومت نے جاریہ سال محکمہ رجسٹریشن سے 10 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہونے کی توقع کی تھی۔ پیر کے دن 8,745 رجسٹریشن ہوئے جس سے حکومت کو 76 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی۔ جاریہ ماہ صرف غیرزرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کے ذریعہ 648 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی۔ عہدیداروں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ مالیاتی سال کے اختتام تک جاریہ سال کا جو نشانہ مقرر کیا گیا تھا ، وہ حاصل ہوجائے گا۔