جاریہ مانسون کے دوران 34 فیصد اضافی بارش ریکارڈ

   

اواخر ماہ مزید بارش کا امکان ، محکمہ موسمیات
حیدرآباد۔18۔ستمبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ مانسون کے دوران 34 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور مجموعی طور پر جو بارشیں یکم جون تا 17 ستمبر کے دوران ریکارڈ کی جاتی رہی ہیں ان سے زیادہ بارش ریکارڈ کئے جانے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں اس مدت کے دوران 27 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی اضافی بارش ریکارڈ کئے جانے کی تفصیلات منظر عام پر لائی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جاریہ ماہ کے اواخر میں خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں پیدا ہونے والی کمی کے نتیجہ میں مزید بارشوں کا امکان ہے اور مجموعی طور پرریاست بھر میں اور زیادہ بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ یکم جون تا 17 ستمبر کے دوران 898.1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ریاست بھر میں مجموعی طور پر اس مدت کے دوران 668.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی رہی ہے۔اسی طرح شہر حیدرآباد جی ایچ ایم سی کے حدود میں 693.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ بلدی حدود میں عام طور پر 547.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے آئندہ دنوں کے دوران بارش کے نتیجہ میں تلنگانہ میں ہونے والی مجموعی بارش کے فیصد میں مزید اضافہ کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔3