اندرون دو ہفتہ چیف منسٹر کا دورہ ، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا اشارہ ، عہدیداروں کو تیاریوں کی ہدایت
نظام آباد :چیف منسٹر چندر شیکھر رائو کے ہاتھوں جاریہ ماہ جدید کلکٹریٹ کی عمارت کے افتتاح کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے جدید کلکٹریٹ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے بائی پاس روڈ پر گری راج کالج کے قریب واقع علاقہ میں جدید کلکٹریٹ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے اور وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی بھی اس بات کا اشارہ دے چکے ہیں ۔ چیف منسٹر آئندہ ہفتہ یا دوسرے ہفتہ میں کلکٹریٹ کی عمارت کا افتتاح کریں گے چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھر رائو تلنگانہ حکومت کی جانب سے نئے اضلاع میں تعمیر کردہ کلکٹریٹ کی عمارتوں کا افتتاح کرنے کیلئے فیصلہ کرچکے ہیں حکومت کی جانب سے متحدہ ضلع کے کاماریڈی ، نظام آباد میں نئے کلکٹریٹ کی عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے اس کے علاوہ سدی پیٹ میں بھی نئے کلکٹریٹ کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے نظام آباد اور سدی پیٹ کے کلکٹر آفسوں کا افتتاح ایک ہی دن کرنے کیلئے غور کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کی آمد کی اطلاع ضلع انتظامیہ کی جانب سے واضح طور پر نہیں دی گئی ہے لیکن تیاریاں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کسی بھی وقت چیف منسٹر کا دورہ ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے کلکٹریٹ کی عمارت کے قریب گری راج کالج میں ہیلی پیاڈ کی تعمیر عمل میںلائی جارہی ہے ۔ کلکٹر یٹ کی عمارت کیلئے ابتداء میں 48 کروڑ روپئے سے تخمینہ کیا گیا تھا لیکن تخمینہ سے زیادہ رقم 57.80 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں ۔ فرنیچر اور دیگر انتظامات ، سڑکوں کی تعمیر تیزی کے ساتھ انجام دی جارہی ہے ۔ ضلع کے تمام دفاتر ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب رکھنے کیلئے جدید کلکٹریٹ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے اور اسی طرز پر تمام سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہے موجودہ کلکٹریٹ کی عمارت سے جدید کلکٹریٹ کی عمارت میں منتقلی کی جائے گی اور افتتاح کے بعد عوام کو جدید کلکٹریٹ جانا پڑیگا۔ ضلع کے وزیر مسٹر پرشانت ریڈی بھی اس خصوص میں ضلع کلکٹر و دیگر عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور فوری طور پر کاموں کی تکمیل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی تاکہ چیف منسٹر کے دورہ کو قطعیت دے سکے ۔ اسی طرح نظام آباد میں تعمیر کئے جانے والے ٹی آرایس پارٹی کے دفتر کی بھی اسی روز افتتاح کرنے کے بھی امکانات ہیں جبکہ ٹی آرایس کے دفتر کے کام مکمل کرلئے گئے ہیں اور کسی بھی وقت چیف منسٹر کے دورہ کے امکانات ہیں ۔
