جاریہ ماہ کانگریس امیدواروں کے ناموں کا اعلان: وجئے شانتی

   

لوک سبھا چناؤ میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی، عوام سے فارم ہاؤز قائدین کو ووٹ نہ دینے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ میں کانگریس کے زائد امیدواروں کی کامیابی کے لئے ہر ممکن مساعی کی جائے گی ۔ ٹی آر ایس نے اسمبلی انتخابات میں دھاندلیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کی لیکن لوک سبھا چناؤ میں کانگریس پارٹی چوکس رہے گی۔ پارٹی کی نو تشکیل شدہ انتخابی مہم کمیٹی کی صدرنشین فلم اسٹار وجئے شانتی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی امیدواروں کے ناموں کا جاریہ ماہ اعلان کیا جاسکتا ہے تاکہ انتخابی مہم کا بھرپور موقع ملے۔ انہوں نے راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان پر بھروسہ کرتے ہوئے انتخابی مہم کمیٹی کو ذمہ داری دی گئی ہے جس کے لئے وہ شکریہ ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ لوک سبھا چناؤ میں تلنگانہ میں کانگریس کو زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ اسمبلی انتخابات کے تجربہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے امکان ہے کہ جاریہ ماہ امیدواروں کا اعلان کردیا جائے گا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن لوک سبھا چناؤ میں عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر اورمرکز میں نریندر مودی عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے کے سی آر فیڈرل فرنٹ قائم کر رہے ہیں۔ کابینہ کی عدم تشکیل پر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ تلنگانہ میں کابینہ کے بغیر نظم و نسق ٹھپ ہوچکا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فارم ہاؤز میں رہنے والے قائدین کو نہیں بلکہ عوام میں رہنے والے قائدین کو کامیاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ناراضگی کے درمیان تلگو دیشم پارٹی کو آگے کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے سیاسی فائدہ حاصل کیا۔ انہوں نے ای وی ایم مشینوں کے بجائے بیالٹ پیپر پر رائے دہی کا مطالبہ کیا ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ان کے انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں ہائی کمان فیصلہ کرے گا۔ اسمبلی انتخابات میں تمام سروے کانگریس پارٹی کے حق میں تھے لیکن ٹی آر ایس نے چور راستہ سے کامیابی حاصل کرلی ۔ انتخابی تشہیر کمیٹی کی نائب صدرنشین ڈی کے ارونا نے کہا کہ دولت ، طاقت اور نظم و نسق کا استعمال کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء میں زائد نشستوں پر کامیابی کے باوجود ٹی آر ایس ریاست کی ترقی اور مرکز سے زائد فنڈس کے حصول میں ناکام رہی ہے۔ کے سی آر پر سخت تنقید کرتے ہوئے وجئے شانتی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی اور کے سی آر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کرر ہے ہیں اور وہ ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل فرنٹ کے سلسلہ میں ممتا بنرجی کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے کے سی آر اب خاموش کیوں ہیں ؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد کے سی آر مرکز میں مودی کی تائید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی اور مودی کے درمیان مقابلہ رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی اور عوام راہول گاندھی کو وزیراعظم کی حیثیت سے دیکھ رہے ہیں۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے موقع پر تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے مرکز میں کانگریس کا اقتدار ضروری ہے۔