جاریہ ماہ کے اختتام تک ایک لاکھ 12 ہزار اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تکمیل

   

مئی کے پہلے ہفتہ میں دوسرے مرحلہ کا آغاز، حیدرآباد میں عنقریب اسکیم پر عمل آوری، وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی کا اسمبلی میں بیان
حیدرآباد ۔25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ کے تحت ریاست کے ہر غریب اور مستحق خاندان کو مکان کی فراہمی کا منصوبہ ہے اور دیہی علاقوں کے بعد شہری علاقوں میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر آج قانون ساز اسمبلی میں گرما گرم مباحث ہوئے۔ بی آر ایس ارکان نے ڈبل بیڈروم سے متعلق بی آر ایس دور حکومت کی اسکیم کو اندراماں ہاؤزنگ اسکیم قرار دینے کا الزام عائد کیا۔ وزیر ہاؤزنگ نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 31 مارچ تک ایک لاکھ 12 ہزار مکانات کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔ تعمیر کے مختلف مراحل میں موجود مزید ایک لاکھ مکانات جون تک مکمل ہوجائیں گے ۔ اپریل کے آخری ہفتہ یا مئی کے پہلے ہفتہ میں اندراماں ہاؤزنگ کے دوسرے مرحلہ کے تحت مکانات کے الاٹمنٹ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں نامکمل مکانات کی تکمیل کیلئے حکومت کی جانب سے امداد فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندراماں مکانات منظور کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد شہری علاقوں میں مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آبادیوں کے قریب اندراماں مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ آبادی سے دور مکانات کی تعمیر کی صورت میں استفادہ کنندگان قیام سے گریز کر رہے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ابھی تک 14 تا 15 اسکیم کی نشاندہی کی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر بڑے شہروں میں غریبوں کو مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ کھمم ، ورنگل ، نظام آباد ، عادل آباد اور محبوب نگر میں خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران اسپیکر پرساد کمار نے وزیر ہاؤزنگ سے کہا کہ اگر وہ ان کے مشورہ پر عمل کرتے تو آج اس قدر سوالات کا سامنا کرنا نہیں پڑتا۔ اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے زیر تکمیل ڈبل بیڈروم مکانات کے مسئلہ پر ضلع واری سطح پر جائزہ اجلاس منعقدکرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ ضلع کلکٹرس کی جانب سے مکانات کی تعمیر کی نگرانی کے مشورہ پر عمل نہیں کیا گیا۔ اسپیکر نے کہا کہ اگر ضلعی سطح پر اجلاس منعقد کئے جاتے تو آج ایوان میں اس قدر سوالات کا سامنا نہ ہوتا۔ریاستی وزیر نے کہا کہ اسکیم کے تحت ریاست بھر میں چار لاکھ سے زائد مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ راج شیکھر ریڈی دورحکومت میں غریبوں کیلئے 21 لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے تھے۔ 1