جاریہ ماہ کے اختتام تک ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم کے عمل کومکمل کریں: کلکٹر

   

Ferty9 Clinic

نلگنڈہ، 15؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس ماہ کے اختتام تک ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم کے عمل کو ہر حال میں مکمل کریں۔ وہ آج ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ پی ڈی آر ڈی اوز اور تحصیلداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے ہوئے ضروری رہنمایانہ احکامات جاری کیے۔کلکٹر نے بتایا کہ ضلع کے تمام حلقوں میں تقریباً تمام ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ نئی جی او کے مطابق مکانات کی تقسیم کا عمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے عہدیدا روں کو ہدایت دی کہ چہار شنبہ تک مستفیدین کی فہرستیں تیارکی جائیں جہاں درخواست گذار زیادہ ہوں وہاں جمعہ تک قرعہ اندازی کے ذریعے استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائے اورہفتہ تک مکانات کی تقسیم سے متعلق تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں۔مقامی عوامی نمائندوں اور ضلعی وزراء کی موجودگی میں مستفید ین میں مکانات کی تقسیم کا عمل شروع کیا جائے۔ضلع کلکٹرایلا ترپاٹھی نے واضح کیا کہ پورے انتخابی عمل کی ویڈیوگرافی لازمی ہے اور مکانات کی الاٹمنٹ میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ریونیو ایڈیشنل کلکٹر جے سرینواس، ہاؤسنگ پی ڈی راج کمار آر ڈی اوز اشوک ریڈی و رمنا ریڈی تحصیلداروں اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔