جاریہ ماہ کے اواخر تک نامزد سرکاری عہدوں پر تقررات : مہیش کمار گوڑ

   

مستقبل میں کانگریس کا بی سی چیف منسٹر ہوگا، ریونت ریڈی سے اختلافات کی تردید
حیدرآباد ۔ 10۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پنچایت چناؤ کے بعد نامزد سرکاری عہدوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کارپوریشن کے صدورنشین اور بورڈ آف ڈائرکٹرس کے تقررات جاریہ ماہ کے اختتام تک مکمل ہوجائیں گے ۔ گلوبل سمٹ کی کامیابی پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پانچ لاکھ کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کے معاہدات میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کے بارے میں بی آر ایس قائد ہریش راؤ کے بیانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ کئی بین الاقوامی کمپنیوں نے سمٹ میں شرکت کی۔ ہریش راؤ کمپنیوں کے پروفائل کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل سمٹ کے نتیجہ میں فیوچر سٹی کو عالمی شہرت حاصل ہوئی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس کے 10 سال اور کانگریس کی دو سالہ کارکردگی پر مباحث کا بی آر ایس قائدین کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور انتخابی تشہیر کمیٹی کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا ۔ نظام آباد سے اسمبلی کیلئے مقابلہ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اس کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا ۔ میں فی الوقت پردیش کانگریس کے صدر کے عہدہ سے مطمئن ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی میں پارٹی کیلئے اراضی الاٹ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے بارے میں بی آر ایس قائدین گمراہ کن اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں۔ بی آر ایس کا دس سالہ دور حکومت بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں سے پر رہا۔ انہوں نے کہا کہ کویتا نے بدعنوانیوں کے جو الزامات عائد کئے ہیں، حکومت کو ان کی جانچ کرنی چاہئے ۔ کانگریس کے دو برسوں میں ترقی و فلاح بہبود پر یکساں غور پر عمل کیا گیا۔ گلوبل سمٹ پر راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت چناؤ میں بلا مقابلہ منتخب سرپنچوں میں اکثریت کانگریس کے تائیدی امیدواروں کی ہے۔ انہوں نے پنچایت چناؤ میں کانگریس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری مخالف مہم کو تلنگانہ میں مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چیف منسٹر کے ساتھ ان کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کانگریس کی قیادت میں تلنگانہ کا چیف منسٹر بی سی طبقہ سے رہے گا۔1