جاریہ ماہ کے اواخر تک کانگریس امیدواروں کے ناموں کا اعلان

   

۔15 فروری سے جائزہ اجلاس، ورکنگ پریسڈنٹ کسم کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 13 فروری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسڈنٹ جے کسم کمار نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں 17 نشستوں پر مقابلہ کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کسم کمار نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ کانگریس پارٹی کا مظاہرہ لوک سبھا انتخابات میں بہتر رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 15 ، 16 اور 17 فروری کو پارلیمانی حلقوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوگا۔ 17 فروری کو پردیش کانگریس الیکشن کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر لوک سبھا حلقے کے لیے ایک یا دو ناموں کی سفارش کی جائے گی۔ امیدواروں کے انتخاب میں کامیابی کے امکانات کو ترجیح رہے گی۔ کسم کمار نے کہا کہ اسمبلی نتائج سے لوک سبھا کے نتائج مختلف رہیں گے۔ لوک سبھا حلقوں کے جائزہ اجلاس کے لیے کسم کمار کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات راہول گاندھی اور نریندر مودی کے درمیان ہوں گے اور قومی مسائل پر انتخابات لڑے جائیں گے۔ کسم کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس نے وسط مدتی انتخابات کا فیصلہ محض اسی لیے کیا، کیوں کہ لوک سبھا انتخابات قومی مسائل پر لڑے جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے سی آر حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی مقبولیت دن بہ دن گھٹتی جارہی ہے۔