جاریہ ماہ کے ختم تک بجٹ تجاویز داخل کرنے کی نئی بلدیات کو ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 15جنوری ( سیاست نیوز) تلنگانہ میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ نے ریاست تلنگانہ میں نئی قائم ہوئی شہری مجالس مقامی ( بلدیات) سے کہا کہ وہ رواں مالیاتی سال کیلئے ان کی بلدیات کا بجٹ تخمینہ تیار کریں اور اسے داخل کریں ۔ ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ٹی کے سری دیوی نے ریاست میں نئی تشکیل پائی 61بلدیات کے میونسپل کمشنرس کو ایک سرکیولر جاری کیا ہے اور ان سے کہا کہ اس ماہ کے ختم تک وہ ان کی بجٹ تجاویز داخل کریں ۔ ریاستی حکومت نے متعلقہ ڈسٹرکٹ کلکٹرس کے ذریعہ داخل کئے جانے والے تمام بلدیات کے بجٹ تخمینہ جات کو انہیں حکومت کو روانہ کئے بغیر منظور کرنے اور نظرثانی کرنے کے محکمہ بلدی نظم و نسق کو اختیارات عطا کئے ہیں ۔ بجٹ تخمینہ جات کی تیاری اور انہیں داخل کرنے کا طریقہ کار اور فارمٹس اے پی میونسپالٹیز( پریپریشن آف بجٹ الاٹمنٹ اینڈ ٹرانسفر آف فنڈس ) رولز 1967ء میں ہے ۔ میونسپل کمشنرس کی جانب سے تیار کئے جانے والے بجٹ تخمینہ جات کو متعلقہ ڈسٹرکٹ کلکٹر کے ذریعہ منظوری کیلئے ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن کے پاس داخل کرنا ہوگا ۔