جاریہ ماہ ہندو سماج کے لیے شادیوں کا سیزن

   

۔ 27 اگسٹ تک مہورت کے اچھے دن، شہر اور اضلاع میں شادیوں کی سرگرمیاں
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) جاریہ ماہ ریاست میں ہندو طبقہ کیلئے شادیوں اور دیگر تقاریب کے سلسلہ میں مبارک تواریخ کا رجحان جاری ہے جس کے تحت 16 تا 27 اگسٹ کی تواریخ میں شادیوں کے اہتمام اور دیگر نئے کام شروع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ علم نجوم کے ماہرین اور پنڈتوں نے 27 اگسٹ تک متبرک دنوں کی پیش قیاسی کی ہے جس کے تحت ہندو طبقہ کی ہزاروں شادیاں طئے کی گئیں اور شادیوں کے سلسلہ میں خریداری بھی عروج پر ہے۔ شادیوں کے سلسلہ میں اسے شراوانا ماسم کے طور پر دیکھا جارہا ہے جس میں شادیوں کے علاوہ نئی تجارتی سرگرمیوں اور اراضیات کی خرید و فروخت جیسے اُمور انجام دیئے جاتے ہیں۔ پنڈتوں نے 27 اگسٹ کے بعد یکم ستمبر کو متبرک دن قرار دیا ہے۔ نہ صرف حیدرآباد بلکہ ریاست کے مختلف اضلاع میں کورونا قواعد کی پرواہ کئے بغیر شادی بیاہ کی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شادیوں کے سلسلہ میں ہندو سماج میں دلہا اور دلہن کیلئے کورونا ویکسین کے حصول کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شادی سے عین قبل کورونا ٹسٹ بھی کرایا جارہا ہے تاکہ دونوں خاندانوں میں کورونا سے بچاؤ ممکن ہوسکے۔ ریاست میں کئی ایسے مقامات اور منادر موجود ہیں جنہیں شادی کیلئے متبرک مانا جاتا ہے اور مہورت طئے ہونے کے بعد دونوں خاندان مندر پہنچ کر شادی کی رسومات ادا کرتے ہیں۔ تلنگانہ کے کئی خاندان تروپتی اور آندھرا کے دیگر علاقوں میں موجود مندروں کا رخ کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 ستمبر کے بعد سے 5 اکٹوبر تک اچھے دن نہیں ہیں اور اس مدت میں تقاریب اور دیگر نئے کاموں کا آغاز مناسب نہیں ہوگا۔ R