جاریہ ہفتہ اسٹیٹ نیٹ رینکس کی اجرائی کا امکان ‘ عنقریب کونسلنگ کا آغاز

   

ریاست کے 34 سرکاری میڈیکل کالجس کو نیشنل میڈیکل کمیشن کی جانب سے منظوری
حیدرآباد ۔ 10 جولائی (سیاست نیوز) کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی سے ریاست میں ایم بی بی ایس کونسلنگ کا عمل شروع کرنے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ عنقریب نیٹ اسٹیٹ رینک جاری کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ہیلت یونیورسٹی وائس چانسلر نندکمار ریڈی دہلی پہنچ کر رینکرس سے متعلق سی ڈی حاصل کرچکے ہیں۔ سی ڈی میں موجود ریاست سے نیٹ امتحان تحریر کرنے والے طلبہ، انہیں ملنے والے رینکس، قومی سطح پر موصول رینکس کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ دو یا تین دن میں اسٹیٹ رینکس کو یونیورسٹی کے ویب سائیٹ اپ لوڈ کیا جائے گا۔ اس کے بعد رینکرس کو یونیورسٹی میں رجسٹریشن کرانا ہوگا۔ ریاستی سطح کے رینکس کی اجرائی کے بعد نیشنل میڈیکل کمیشن کے زیراہتمام آل انڈیا کوٹہ کے تحت این ایم سی کی جانب سے کونسلنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ریاستی رینکرس کیلئے کالوجی یونیورسٹی کی نگرانی میں میرٹ لسٹ کے مطابق کونسلنگ کا انعقاد کیا جائیگا۔ ریاست کے 34 میڈیکل کالجس کی منظوریوں کو نیشنل میڈیکل کمیشن نے تجدید کرکے احکام جاری کئے ہیں۔ ریاست کے سرکاری میڈیکل کالجس میں 4090 ایم بی بی ایس کی نشستیں جوں کی توں برقرار ہیں ۔ این ایم سی نے ریاست کے میڈیکل کالجس کی کوتاہیوں پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا جس میں 26 سرکاری میڈیکل کالجس شامل تھے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے دہلی پہنچ کر اندرون تین ماہ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا تحریری وعدہ کیا جس کے بعد میڈیکل کونسل نے تمام سرکاری میڈیکل کالجس کو منظوری دی۔ حکومت نے حال ہی میں 44 سینئر لکچررس کو ترقی دے کر پرنسپلس، سپرنٹنڈنٹس کی حیثیت سے تقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ 278 اسوسی ایٹ پروفیسرس کو پروفیسرس کی حیثیت سے ترقی دی۔ 231 اسسٹنٹ پروفیسرس کو اسوسی ایٹ پروفیسرس بنایا جا رہا ہے ۔ ان سب کے علاوہ مزید 607 اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ 21 ہاسپٹلس میں 6 ہزار نئے بیڈس کی سہولت فراہم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کالجس میں نگرانی کیلئے میڈیکل کالج مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔2