جاریہ ہفتہ تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں زبردست اضافہ

   

موسم خشک، دھوپ کی تمازت، گرم ہوائیں، درجہ حرارت بڑھ جائے گا، محکمہ موسمیات
حیدرآباد۔24۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت میں زبردست اضافہ ریکاڈر کئے جانے کا خدشہ ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جاریہ ہفتہ کے دوران شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں موسم خشک رہے گا لیکن دھوپ کی تمازت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں گرم ہواؤں کے خدشات پائے جانے لگے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے جملہ 21 اضلاع میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرجائے گا جبکہ مابقی اضلاع میں درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں جاریہ ہفتہ کے دوران 5یوم گرمی کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں لو لگنے کے واقعات کا خدشہ ہے اسی لئے شہریوں کو شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے میں اجتناب کرنے کی ضرورت ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آج بھی 40 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کئی اضلاع میں درجہ حرارت 39 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے گذشتہ ہفتہ کے دوران ریاست کے بیشتراضلاع میں غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے نتیجہ میں موسم میں نمایاں تبدیلی ریکارڈ کی گئی تھی اور کہا جا رہاتھا کہ آئندہ ہفتہ کے دوران بھی موسم اسی طرح کا رہے گا لیکن جاریہ ہفتہ کے آغاز کے ساتھ ہی گرمی کے سبب شہرکی سڑکوں پر بھی دن کے اوقات میں سناٹا دیکھا جانے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے انتباہ میں اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ریاست کے بیشتراضلاع میں آئندہ ایک ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر 3تا 5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے اسی لئے شہریوں کے لئے جاری کئے گئے انتباہ میں ان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نہ نکلیں۔3